مرادآباد:ریاست اترپردیش کے ضلع مرادآباد کے محلہ پیرزادہ میں واقع ایک شادی ہال میں سہارا امان کمیٹی کی جانب سے پیتل کے کاریگروں کے اعزاز میں جلسہ استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعے پر کمیٹی کے عہدیداروں نے پیتل کے کاریگروں کو ایوارڈ سے نوازا۔ استقبالیہ جلسے کے دوران سیاسی و سماجی تنظیموں کے کارکنان اور عہدیداران نے شرکت کی۔ تمام لوگوں نے ملک میں امن و امان کے لیے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام وقتاً فوقتاً منعقد ہوتے رہتے ہیں تاکہ لوگوں کی حوصلہ افزائی ہو اور آپس میں محبت برقرار رہے۔
سہارا امن کمیٹی رجسٹرڈ کے بانی و قومی صدر صوفی وسیم احمد قادری نے اسٹیج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرادآباد کو پوری دنیا میں پیتل کے شہر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہاں کے پیتل کے کاریگر پوری دنیا میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں، ان کی عزت کی جاتی ہے۔ گزشتہ سال مرادآباد کے رہنے والے کاریگر پدم شری دلشاد حسین کو صدر کے ایوارڈ سے نوازا گیا، یہ ہمارے شہر کے لیے فخر کی بات ہے۔