لکھنئو:بی جے پی نے کہا کہ جو انتظام کانوڑیوں کے لیے کیے جارہے ہیں، برسوں سے تعزیے کے جلوس اور سفر حج کے لیے بھی کیے جاتے رہے ہیں، تب کسی نے سوال نہیں اٹھایا تو اب کیوں؟ اویسی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان راکیش ترپاٹھی نے کہا کہ ساؤن کے مہینے میں لاکھوں لوگ بھگوان بھولے ناتھ پر جلبھیشیک کے لیے پد یاترا کرتے ہیں۔ اس لیے حکومت ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے۔ اسی طرح حکومت کی جانب سے تعزیے کے جلوس اور روزہ افطار کے انتظامات کیے جاتے رہے ہیں۔ پھر اویسی سوال نہیں اٹھاتے۔ اویسی سوال اٹھا کر لوگوں کے جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پیر کو اتر پردیش کے اعلیٰ عہدیداروں نے ہیلی کاپٹر سے کانوڑ یاتریوں گلاب کی پتیاں برسائی تھی۔ میرٹھ کے آئی جی رینج پروین کمار اور ڈی ایم دیپک مینا نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پھول برسائے تھے۔ اس اقدام کو زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد تنقیدوں کی قطار لگ گئی۔