گذشتہ دنوں درگاہ کے سرپرست اور سجادہ نشین کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ نیپال کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے بعد بدحال معیشت کی وجہ سے لوگوں کو دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔
درگاہ اعلیٰ حضرت کے سرپرست اور سجادہ نشین کے ہدایات کے مطابق ایک وفد بریلی سے نیپال پہنچا ہے۔ اس وفد میں شامل علماء کرام نے نیپال میں مسلم اکثریتی علاقوں میں مساجد میں نماز ادا کی اور مقامی لوگوں کو راشن کے امدادی پیکیٹ تقسیم کیے۔
خاص طو رپر مفتی سلیم نوری، مولانا شہاب الدین رضوی اور مولانا غلام مصطفیٰ رضوی نے نیپال کے ضلع 'کپل واستو' کے کرشن نگر میں جامعہ برکاتیہ میں سنی بریلوی مرکز اعلیٰ حضرت بریلی کا پیغام نیپال کی عوام تک پہنچایا۔
درگاہ کے میڈیا انچارج ناصر قریشی نے بتایا کہ بریلی سے تشریف لائے ہوئے علمائے کرام نے درگاہ کے سربراہ حضرت سبحانی میاں اور سجادہ نشین مفتی احسن میاں کا پیغام دیتے ہوئے درگاہ اعلیٰ حضرت کے ساتھ نیپال کے سنی مسلمانوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔