اترپردیش کے تاریخی شہر بنارس سے گذرنے والی گنگا ندی میں بھی کوورنا وائرس کی دوسری لہر کے دروان مجموعی طور پر آٹھ لاشیں بر آمد کی گئی تھیں جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے اس پورے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور گنگا کے کنارے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی اور یہ اعلان کیا گیا کہ اب سے گنگا میں لاشیں نہیں بہائی جائیں گی۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر پر قابو پایا جا چکا ہے اور رفتہ رفتہ معمولات زندگی بحال ہورہی ہے۔ تاہم اس کے باوجود گنگا میں لاشیں بہتی نظر آرہی ہیں۔ گذشتہ دنوں بنارس کے راج گھاٹ علاقہ میں تین لاشیں دیکھنے کو ملیں۔
ایک لاش 7 جولائی جبکہ دو لاشیں 8 جولائی کو مذکورہ علاقہ میں ملی ہیں۔ انتظامیہ نے تینوں لاشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ تاہم ان لاشوں کی شناخت نہیں ہو پائی ہے اور اموات کی وجوہات کا بھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔