نکاح کے نام پر سماج میں پھیلی غلط رسم و رواج سے لوگوں کو بیدار کرنے کے مقصد آج ریاست اتر پردیش کے رامپور کے جے کے پیلیس میں نکاح اور ہمارا سماج کے موضوع پر لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر معروف عالم دین مولانا قمرالزماں حفیظ اللہ نے نکاح کی اہمیت پر اپنے لیکچر میں قرآن و سنت کا حوالہ دیکر کہا کہ سب سے اچھی شادی وہ ہے جس میں سب کم خرچ ہو۔
نکاح کی اہمیت اور ہمارا سماج کے موضوع پر لیکچر انہوں نے کہا کہ آج ہمارے سماج میں نام و نمود کے لئے شادیاں کافی اخراجات والی ہونے لگی ہیں۔ جس سے غریب طبقہ پر اس کا کافی منفی اثر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول نے فرمایا تھا کہ 'زنا کو مشکل اور شادی کو آسان بناؤ' لیکن لاعلمی کی بنا پر ہمارے سماج کی بے جا رسم و رواج نے آج شادیوں کو مشکل اور زنا کو آسان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قرآن و سنت کے مطابق ہی اپنی شادی کی تقریبات کا اہتمام کریں۔ لیکچر کے بعد سوال و جواب کا بھی سیشن چلا۔ اس پروگرام میں معروف اسکالر ڈاکٹر انیس نے بھی خطاب کیا۔ اس خصوصی پروگرام کا اہتمام پیس فار ہیومینٹی کی جانب سے کیا گیا۔