علی گڑھ:علیگڑھ مسلم یونیورسٹی رجسٹرار دفتر کی جانب سے گزشتہ شب دو نوٹس جاری کئے گئے۔ جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔ جاری کیے گیے پہلے نوٹس کے مطابق 30 اکتوبر 2023 کو دن 12 بجے سرسید ہاوس میں خصوصی میٹنگ ہوگی، جس میں اے ایم یو کے مستقل وائس چانسلر کے لئے پانچ امیدواروں کا پینل بنایا جائے گا۔
دوسرے نوٹس کے مطابق 6 نومبر کو یونیورسٹی کے این آر ایس سی ہال میں اے ایم یو کورٹ کی خصوصی میٹنگ صبح 11 بجے ہوگی، جس میں ایگزیکیٹو کونسل کی میٹنگ میں مستقل وائس چانسلر کے پانچ امیدواروں کے پینل میں سے تین ناموں کا انتخاب کرکے صدر جمہوریہ کے پاس کسی ایک کی نامزدگی کے لئے بھیجا جائےگا۔
یونیورسٹی رجسٹرار دفتر کی جانب سے جاری نوٹس کے بعد یونیورسٹی کیمپس میں خوشی دیکھی کا ماحول ہے، کیونکہ گزشتہ 18 ماہ سے یونیورسٹی کیمپس میں کوئی مستقل وائس چانسلر نہیں ہے۔ جس کا مطالبہ یونیورسٹی کے اساتذہ، طلباء اور سابق طلباء کر رہے ہیں۔
طلباء نے یونیورسٹی کی تاریخی عمارت اسٹریچی ہال پر اکھٹا ہوکر جشن منایا، تقریر کی اور طلباء میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔ طلباء کا کہنا ہے کہ اگلا وائس چانسلر ایسا ہو جو یونیورسٹی کے حق میں کام کرے، یونیورسٹی کا تحفظ کرے، ایکٹ کی حفاظت کرے اور یونیورسٹی ایکٹ کے ہی مطابق یونیورسٹی چلائے۔
طلباء نے کہا موجودہ کارگزار وائس چانسلر اور صابق وائس چانسلر کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اگلا وائس چانسلر کوئی علیگ نہیں ہونا چاہئے۔ وائس چانسلر کو یونیورسٹی کے حق میں کام کرنا چاہیے، کیمپس میں تاناشاہی نہیں کرنی چاہیے۔