جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل دفتر کے سامنے گزشتہ 12 روز سے آر ڈی اے کے دو ڈاکٹرز کو جان بوچھ کر فیل کئے جانے کے خلاف بھوک ہڑتال چل رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اے ایم یو انتظامیہ نے ان کی مطالبات کو مان لیا ہے، لیکن آرڈی اے کے سابق صدر ڈاکٹر حمزہ ملک کو فیل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
جس کے بعد ڈاکٹر حمزہ ملک نے 48 گھنٹے بعد غیر معینہ مدت تک کے لیے بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ انہوں نے جنرل باڈی میٹنگ (جی بی ایم) کے بعد لیا۔
آر ڈی اے کے سابق صدر ڈاکٹر محمد حمزہ ملک نے بتایا کہ گزشتہ کچھ روز سے پرنسپل دفتر کے سامنے گلاس ہاؤس میں دو جونیئر ریسیڈنٹز کو فیل کئے جانے کے خلاف بھوک ہڑتال چل رہی تھی، لیکن اب ایک خط یونیورسٹی انتظامیہ نے جاری کیا ہے جس میں ہمارے مطالبات کو تسلیم کرلینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے لیکن انہوں نے مجھے بلا کر دھمکی دی ہے کہ مجھے فیل کر دیا جائے گا۔
امتحان کے بعد مجھے پہلے کچھ پروفیسر حضرات نے مبارکباد دی تھی اور میں نے معلوم کروایا تھا کہ میں پاس ہوگیا، لیکن اب فیل کرنے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔ اس لیے ہم نے ایک جی بی ایم آج بلائی تھی جس میں یہ طے کیا گیا ہے کہ اگر 48 گھنٹے کے اندر انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے میں ثبوت کے ساتھ تفصیلات نہیں دی جائے گی تو میں غیر معینہ مدت تک بھوک ہڑتال کروں گا، اور میرے ساتھ دیگر ڈاکٹرز بھی ہڑتال کریں گے۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج آر ڈی اے کے عبوری صدر ڈاکٹر کاشف نے بتایا ایک پریشانی کا حل نہیں نکلتا ہے کہ ہمیں دوسری پریشانی میں ڈال دیا جا رہا ہے۔ اب ہمارے سابق صدر ڈاکٹر حمزہ ملک کو فیل کرنے کی دھمکی دی جا رہی ہے جس کے لیے ہم نے جی بی ایم بلائی اور جی بی ایم میں یہ طے پایا کہ 48 گھنٹے تک انتظامیہ اس معاملے پر صفائی پیش کرے ورنہ ہم بھوک ہڑتال پھر سے شروع کر دیں گے اور خود ڈاکٹر حمزہ ملک غیر معینہ مدت تک کے لیے بھوک ہڑتال کریں گے۔
مزید پڑھیں:
سابق صدر ڈاکٹر محمد حمزہ ملک پوسٹ گریجویشن (ophthalmology) آخری سال کے ریسیڈنٹ ڈاکٹر ہیں، جن کا کہنا ہے انتظامیہ 48 گھنٹے کے اندر ثبوت کے ساتھ واضح کرے کہ مجھے فیل کر دیا گیا ہے یا یہ کہ میرا رزلٹ تبدیل کیا گیا ہے۔ ورنہ میں غیر معینہ مدت تک کے لیے بھوک ہڑتال پر بیٹھوں گا۔