علی گڑھ مسلم یونیورسٹی قانون فیکلٹی کے ڈین پروفیسر شکیل احمد صمدانی کا اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا۔ ان کی تدفین آج شب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے قبرستان میں ہوگی۔
اطلاع کے مطابق کچھ روز قبل پروفیسر صمدانی کی کورونا رپورٹ مثبت آئی تھی جس کے بعد انہیں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے آئی سی یو میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا اور کچھ دنوں کے بعد ان کی رپورٹ تو منفی آگئی تھی لیکن سانس لینے میں مستقل پریشانی کے سبب وہ وینٹی لیٹر پر تھے جس کے بعد آج دوپہر مالک حقیقی سے جا ملے۔
واضح رہے کہ پروفیسر شکیل صمدانی اے ایم یو کے شعبہ قانون کے ڈین کے علاوہ اے ایم یو جنرل ایجوکیشن سینٹر کے سابق کوآرڈینیٹر، اے ایم یو تینوں مراکز کے نوڈل آفیسر اور سرسید ایجوکیشن اویئرنیس کے بانی بھی تھے۔
پروفیسر شکیل احمد صمدانی کا تعلق ریاست اترپردیش کے ضلع جونپور سے تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں ہیں اور تینوں ہی اے ایم یو میں زیر تعلیم ہیں جبکہ ان کی رہائش علی گڑھ شمشاد مارکیٹ علاقے میں واقع علیگ اپارٹمنٹ میں ہے۔
یونیورسٹی کیمپس میں کہا جاتا ہے کہ پروفیسر شکیل احمد صمدانی ایک بہترین شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے چند روز قبل ہی علیگڑھ سے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سہیل احمد کو سچی اور بہترین صحافت کے لیے ایوارڈ سے نوازا تھا۔