پریاگ راج: مختار انصاری کے بھائی اور غازی پور سے سابق ایم پی افضال انصاری کو الہ آباد ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ ہائی کورٹ نے گینگسٹر کیس میں افضال انصاری کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ تاہم عدالت نے ان کی سزا پر روک لگانے سے انکار کر دیا، جس کی وجہ سے ایم پی کی رکنیت بحال نہیں ہوگی۔ الہ آباد ہائی کورٹ میں 12 جولائی کو سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
دراصل افضال انصاری کی جانب سے الہ آباد ہائی کورٹ میں گینگسٹر کیس میں 4 سال کی سزا پر روک لگانے اور ضمانت پر جیل سے رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک عرضی دائر کی گئی تھی، جس پر آج جسٹس راجبیر سنگھ کی سنگل بنچ نے اس معاملے میں فیصلہ سنایا ہے۔ واضح رہے کہ غازی پور کی عدالت نے گینگسٹر کیس میں 4 سال کی سزا سنائے جانے کی وجہ سے افضل انصاری کی لوک سبھا کی رکنیت 29 اپریل کو منسوخ کر دی گئی تھی۔ افضال انصاری ان دنوں جیل میں ہیں۔ ان کے بھائی مختار انصاری کے خلاف بھی غازی پور کی عدالت نے گینگسٹر کیس میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ مختار انصاری پہلے ہی بانڈہ جیل میں بند ہیں۔