ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ، تھانہ کوتوالی، اوپر کوٹ کے علاقے میں موجود تقریبا تین سو سال قدیم جامع مسجد ورثہ عمارات میں شامل ہونے کے بعد اب رنگ برنگی لائٹنگ سے جگمگائے گی۔
جامع مسجد میں ایک خصوصی میٹنگ ہوئی جس میں علی گڑھ میئر فرقان، علی گڑھ میونسپل کمشنر کے ساتھ دیگر عہدے داران اور معززین شامل تھے۔ جس میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ علی گڑھ کی جامع مسجد کو بھی خوبصورت بنایا جائے گا جس سے علی گڑھ میں سب سے بلندی پر واقع جامع مسجد چاند کی طرح چمکے گی۔
علی گڑھ چیریٹیبل سوسائٹی کے سیکریٹری گلزار احمد نے خصوصی بات چیت میں بتایا کہ سب سے پہلے میں شکر ادا کرنا چاہتا ہوں کہ علی گڑھ کی تاریخی جامع مسجد کو ورثہ عمارات میں شامل کیا گیا ہے جس کے بعد اب علی گڑھ اسمارٹ سٹی کے تحت نگر نگم تین بڑے کام کرے گا، جس میں پہلا کام جامع مسجد کے چاروں طرف رنگ برنگی لائٹز لگائی جائیں گی جو شمشی توانائی سے جلیں گی۔
دوسرا کام جو جامع مسجد کے پاس پارک ہے اس کی صفائی کے ساتھ اور خوبصورت بنانے کے بعد اس میں کرسی ڈالی جائے گی تاکہ نماز سے فارغ ہونے کے بعد نمازی اس پر بیٹھ سکے۔