ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار (آن لائن/ آف لائن) بعنوان "ہندوستانی مذاہب اور ادب میں خواتین کی حقوق اور مسائل" کا اہتمام ضلع علی گڑھ میں واقع ابن سینا اکیڈمی کے آڈیٹوریم میں کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی ضلع اقلیتی افسر اسمرتا سنگھ تھیں اور صدارت، پدم شری پروفیسر ظل الرحمن نے کی۔
سیمینار میں مہمان اعزازی کی حیثیت سے اے ایم یو ویمنس کالج کی سابق پرنسپل پروفیسر زکیہ صدیقی اور موجودہ پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے شرکت کی۔
سمینار میں ملک کی موجودہ صورتحال جس میں دن بدن جنسی زیادتی کے معاملات میں اضافہ، خواتین کی تعلیم، حقوق، مسائل اور حفاظت کا ذکر کیا گیا۔ آج بھی معاشرے میں خواتین کو ایک الگ نگاہ سے دیکھا جاتا ہے خواتین کو ان کے حقوق اور ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق نہیں دیا جاتا۔
آج بھی لڑکیوں کی پیدائش پر خوشی کے بجائے افسوس اور غم کا اظہار کیا جاتا ہے یہاں تک کہ لڑکیوں کو زندہ ہونے سے قبل اور بعد مار دیا جاتا ہے۔اے ایم یو ویمنس کالج کی سابق پرنسپل پروفیسر زکیہ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا لڑکی کی پیدائش میں بھی خاتون سے زیادہ مرد کا رول ہوتا ہے۔ خواتین خود اپنی مرضی سے چاہ کر بھی لڑکی پیدا نہیں کرسکتی باوجود اس کے لڑکی کی پیدائش پر صرف لڑکی کی والدہ کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور پیدائش سے قبل یا پیدائش کے بعد لڑکیوں کو مار دیا جاتا ہے۔