پارٹی ترجمان راجندر چودھری نے بتایا کہ'ایس پی رہنما جنیشور مشر کی جینتی پر ایس پی اترپردیش کے ہر ضلع میں تحصیل سطح پر بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف سماج وادی پارٹی سائیکل یاترا نکالے گی۔ یہ سائیکل یاترا 5 تا 10کلو میٹر چلے گی۔ اکھلیش یادو خود 5 اگست کو لکھنؤ میں سائیکل یاترا کر کے بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کے کالے کارنامے پر اپنی مخالفت درج کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سماج وادی سائیکل یاترا محمد اعظم خان کو فرضی مقدمے میں پھنسا کر جیل میں رکھنے، جرائم اور بدعنوانی کے شباب پر ہونے، بے لگام مہنگائی، کسانوں پر کالے زرعی قوانین کی مار، بے روزگاری سے بے حال نوجوان، خواتین کی ہراسانی، ریزرویشن پر سنگھی حملہ، ضلع پنچایت انتخاب میں گھپلے کی وجہ سے جمہوریت پر خطرہ اور اور خستہ حال نظم ونسق کی وجہ سے کورونا سے ہوئی اموات وغیرہ کے سلسلے میں ہورہی ہے۔ اس یاترا کا آغاز ضلع میں سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما جھنڈی دکھا کریں گے۔