اکھلیش یادو نے کہا کہ ریاست اترپردیش میں بی جے پی نے ترقی روک کر دھوکہ کیا ہے۔ وہ جمہوریت کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔ ایس پی کارکنان گاؤں گاؤں جا کر بی جے پی کی سازشوں کا پردہ فاش کریں گے۔ ان کی وعدہ خلافی کو سب کے سامنے لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ساڑھے چار سال کی حکومت میں ریاست کے عوام کو قدم قدم پر پریشانیاں اٹھانا پڑ رہی ہیں۔
بی جے پی نے اس ریاست کو گندگی کے ڈھیر میں بدل دیا۔ کورونا وبا کے بعد اب چاروں جانب ڈینگو اور وائرل بخار سے عوام پریشان ہیں۔ فیروزآباد میں 90 سے زیادہ بچوں کی موت ہوچکی ہے۔ فرخ آباد میں 50 کی موت ہوئی ہے۔ کانپور میں 50 سنگین بیمار ہیں جن میں 7 کی موت ہوئی ہے۔ آگرہ، بریلی اور باغپت میں پلیٹ لیٹس کی کمی کا بحران ہے، جھانسی میں بیڈ کی ماراماری، مرد وارڈ میں داخل ہوئیں خواتین۔ کاس گنج، متھرا میں 14 موتیں ہوئی ہیں۔ رائے بریلی، اناؤ میں بھی صورتحال بد تر ہے۔