سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں صنعتی فروغ کی جھوٹی کہانیاں گڑھنے میں بی جے پی حکومت کا جواب نہیں ہے۔
اکھلیش یادو نے جاری بیان میں کہا کہ ریاست کی صنعتی ترقی کی جھوٹی کہانیاں سنانے میں بی جے پی کا کوئی جواب نہیں ہے۔ نہ کہیں سرمایہ کاری ہورہی ہے اور نہ ہی ترقی عوام کی گاڑھی کمائی پانی کی طرح خرچ کر کے انوسٹمنٹ میٹ کی جگہ ایونٹ منجمنٹ کرنے والی بی جے پی حکومت کی پول کھل گئی ہے۔ خود وزیر اعظم کے انتخابی حلقے بنارس تک میں مفاہمتی خطوط پر دستخط کرنے والی آدھی سے زیادہ کمپنیوں کے پروجکٹ رکے ہوئے ہیں۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ مفاہمتی خطوط پر دستخط ہوئے تین برس ہوگئے ہیں لیکن کسی بھی سرمایہ کار کو پروجکٹ پر رضا مندی نہیں ملی تو کسی کو زمین کے لئے چکر لگانے پڑرہے ہیں۔ سرمایہ کار یہاں کے حالات دیکھ کر ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اشتہارات کے ایکسپریس وے پر جھوٹ کی رفتار بھرنے والی بی جے پی حکومت صرف عوام کی آنکھ میں دھول جھونکنا جانتی ہے۔ چار برس میں ایک بھی ایکسپریس وے نہیں بن سکا۔ سماج وادی پارٹی کی حکومت کے ذریعہ تعمیر شدہ ایکسپریس وے کا افتتاح اور سنگ بنیاد وزیر اعلی کا واحد کام ہے۔