اے ایم یو میں سرسید ڈنر کھانے کے بعد تقریبا سو طالبات کی طبیعت بگڑی علی گڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں طالبات کے سب سے بڑے ہال بیگم عزیز النساء کی سو سے زیادہ طالبات کی جشن یوم سرسید کے خصوصی ڈنر کھانے کے بعد طبیعت خراب ہوگئی تھی۔ جس کے بعد انہیں اے ایم یو کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج و اسپتال میں علاج کے لئے داخل کروایا گیا۔ جہاں ایک ڈاکٹر کی ٹیم کو ہال کے اندر علاج کے لئے بھی تعینات کردیا گیا ہے۔
اسپتال میں زیر علاج طالبات نے بتایا کہ گزشتہ روز بیگم عزیز النساء ہال میں سرسید ڈنر کے بعد ہی ہماری طبیعت خراب ہوئی ہے، وجہ معلوم نہیں پڑرہا ہے۔ کھانا کھانے کے بعد ہمارے پیٹ میں درد اور الٹی ہوئی تھی، جس کے علاج کے لئے ہم جواہر لال نہرو میڈیکل کالج و اسپتال میں آئے ہوئے ہیں۔ فی الوقت طالبات کسی طرح کے سوال یا الزام سے بچ رہی ہیں۔
بیگم عزیز النساء ہال کی پرووسٹ پروفیسر سبوہی خان نے کسی بھی طرح کا بیان دینے سے صاف انکار کر دیا، ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو ٹیلی فون پر بتایا گزشتہ شب اسی کھانے کو تقریبا 3500 لوگوں نے کھایا تھا لیکن ان میں سے تقریبا سو طالبات کی طبیعت خراب ہوگئی ہے، جن کو علاج کے لیے اسپتال داخل کروایا گیا تھا لیکن اب وہ اسپتال سے ہال واپس آگئی ہیں۔
سوال کا جواب دیتے ہوئے سبوہی نے مزید بتایا کہ پورے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، تمام سی سی ٹی وی کیمرے دیکھے جا رہے ہیں، ممکن ہے کہ یہ کسی کی شرارت ہو کیونکہ اگر کھانا میں کچھ گڑبڑی ہوتی تو سب کی طبیعت خراب ہوتی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہال کے اندر بھی یونیورسٹی ہیلتھ سروس سے ایک ڈاکٹر کی ٹیم کو بلایا گیا ہے، اگر کسی کو کوئی پریشانی ہوتی ہے، تو ان کی جانچ اور علاج ہال میں بھی بآسانی ہو سکے گا۔ یونیورسٹی پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے بتایا کہ وائس چانسلر نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جس کی رپورٹ کے بعد ہی معلوم چلے گا کہ کیا وجہ رہی، جس کے سبب طالبات کی طبیعت خراب ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اے ایم یو کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے ڈاکٹرز کی ہڑتال ختم
واضح رہے گزشتہ روز اے ایم یو میں بانی درسگاہ سرسید احمد خان کی 206ویں یوم پیدائش کے موقع پر جشن یوم سرسید منایا گیا۔ جس میں خصوصی ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ بیگم عزیز النساء ہال طالبات کا اے ایم یو میں سب سے بڑا ہال ہے، جس میں 1500 طالبات کی رہائش ہے۔ جشن یوم سرسید کی تقریب میں خصوصی ڈنر تقریبا 3500 لوگوں نے کھایا تھا، جس میں سے تقریبا 150 طالبات کی طبیعت خراب ہوئی تھی جن کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔