میرٹھ: ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے کیتھور اسمبلی سے سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی اور سابق ریاستی وزیر شاہد منظور کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔ پیر کو انتظامیہ نے ایم ایل اے کے بھائی کے قبضے سے 28 بیگھہ اراضی واگزار کرادی۔ ایس پی ایم ایل اے شاہد منظور اور ان کے بھائی محمد عارف منظور پر مبینہ طور پر زمین پر قبضے کرنے کا الزام تھا، جس کے بعد موانہ تحصیل انتظامیہ نے شاہد منظور کے بھائی کے زیر استعمال زمین پر قبضہ کی کارروائی کی۔
بتادیں کہ اس معاملے میں 2022 میں وزیر کے آبائی گاؤں رادھنا کے محسن نامی شخص نے رکن اسمبلی اور ان کے خاندان کے ذریعہ تقریباً 30 بیگھہ زمین پر قبضہ کرنے کی شکایت کی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ 2012 میں ریاست میں ایس پی حکومت کی وجہ سے انہوں نے سرکاری زمین کی ڈیڈ کروائی۔ اس کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تحصیل افسران کو تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ اس 30 بیگھہ اراضی میں سے انتظامیہ نے 2 بیگھہ اراضی میں کھڑی فصلوں پر ٹریکٹر اور جے سی بی چلوائی تھی۔