نوئیڈا: بادلپور تھانہ علاقہ کے دوجانہ میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک 2 سالہ معصوم بچی اپنی سالگرہ کے دن پانی کے ٹپ میں ڈوب گئی جس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب معصوم بچی گھر میں کھیل رہی تھی اور گھر والے دوسرے کام میں مصروف تھے۔ اطلاعات کے مطابق گھر میں کپڑے دھونے کے لیے پانی کا ٹپ بھرا ہوا رکھا تھا، جس میں بچی گر گئی۔ اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
دراصل، بادل پور تھانہ علاقہ کے دوجانہ گاؤں کے رہنے والے چندرپال کے تین بچے ہیں، جن میں سب سے چھوٹی 2 سال کی بیٹی ساکشی اور اس سے بڑے دو بیٹے ہیں۔ 11 مارچ کو ساکشی گھر میں کھیل رہی تھی۔ اگلے دن ساکشی کا جنم دن تھا جس کے لیے پورے گھر میں خوشی کا ماحول تھا۔ چندر پال کیک کا آرڈر دینے کے لیے دکان پر گئے تھے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گھر کے تمام لوگ اپنے اپنے کاموں میں مصروف تھے۔ بچی کے ساتھ چار سالہ بیٹے کو اس کی دیکھ بھال کے لیے چھوڑ دیا تھا، بچی کو کھیلتا دیکھ چار سالہ بچہ بھی کھیلنے لگا اسی دوران بچی کے ساتھ یہ دردناک حادثہ پیش آیا۔