مرادآباد:ملک میں صلاحیت مند کھلاڑیوں کوئی کمی نہیں ہے۔ بہت سی ایسی شخصیات ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیت کے دم پر اپنا اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ مرادآباد سے بھی ایسے کئی بڑے نام آتے ہیں جنہوں نے کھیل کے میدان میں اپنا نام کیا ہے۔
ایسی ہی ایک باصلاحیت اور ہونہار فلک ارشد سے ای ٹی وی نے بات چیت کی۔ فلک کی عمر محض 11 سال ہے ۔ اپنی چھوٹی سی عمر میں فلک نے کئی کھیل میڈلز اور سند حاصل کی ہیں جس میں ضلعی سطح سے لے کر بین الاقوامی سطح تک میڈل اور سرٹیفیکیٹس اُنہوں نے حاصل کیے ہیں۔
اسکیٹنگ سے اپنے کھیل زندگی کی شروعات کرنے والی فلک نے رول بال یوگا اور اسپورٹس ایروبک جیسے کھیلوں میں شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ابھی حال ہی میں انہوں نےکرناٹک میں قومی سطح پر کھیلے گئے اسپورٹس ایروبکس کی دو کیٹگری میں سلور اور گولڈ میڈلز حاصل کیے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ یوگا میں بھی میڈلز حاصل کر چکی ہیں۔