تلنگانہ کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے مطالبہ پر وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا منگل کو ایک اور بھوک ہڑتال کریں گی۔
متحدہ آندھرا پردیش کے سابق وزیراعلیٰ آنجہانی راج شیکھر ریڈی کی دختر وائی ایس شرمیلا جنہوں نے حال ہی میں تلنگانہ میں اپنی نئی جماعت کا قیام عمل میں لایا تھا، اس مسئلہ پر ایک اور مرتبہ بھوک ہڑتال کریں گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وہ منگل کو صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک متحدہ محبوب نگر ضلع کے تاڑی پتری دیہات میں یہ ایک روزہ بھوک ہڑتال کریں گی۔ ان کی پارٹی کی اڈہاک کمیٹی کے رکن کے راگھو ریڈی نے ریاست بھر کے بے روزگاروں، طلبہ، نوجوانوں، وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کے لیڈروں، کارکنوں، شرمیلا کے حامیوں اور دیگر سے اس بھوک ہڑتال میں شرکت کی اپیل کی ہے۔