اب تک ایک ہسپتال سے انسانی اعضا کی دوسرے ہسپتال بذریعہ سڑک منتقلی کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے گرین چینل فراہم کیا جاتا تھا۔اس گرین چینل کے ذریعہ دونوں اسپتالوں کے روٹس کی دیگر تمام ٹریفک کو روک کر انسانی اعضا منتقل کرنے والی ایمبولنس کو راستہ فراہم کیاجاتا تھا اور چند ہی منٹوں میں انسانی اعضا کو ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال منتقلی کویقینی بنایاجاتا تھا تاہم شہر میں پہلی مرتبہ میٹرو ریل خدمات نے یہ گرین چینل فراہم کیا۔
شہر میں بڑھتی ٹریفک کے پیش نظر انسانی دل کی منتقلی کے لیے ڈاکٹرس نے حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات کا تعاون حاصل کیا۔شہر کے جوبلی ہلز کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں دل کی پیوند کاری کے آپریشن کا ڈاکٹرس نے انتظام کیا۔
ڈاکٹر گوکل کی قیادت میں یہ آپریشن انجام دیا گیا۔جس کے لیے دل کو یہاں لانے کے لیے پہلی مرتبہ میٹرو ریل کی خدمات سے استفادہ کا فیصلہ کیا گیا۔
قبل ازیں ہسپتال کے اہلکاروں نے میٹرو ریل کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ان کو تفصیلات سے واقف کروایا جس کے بعد میٹرو ریل کے حکام نے اس مقصد کے لیے میٹرو ٹرین کی خدمات کی فراہمی پر رضامندی کا اظہار کیا۔
اس طرح ایل بی نگر کے ایک پرائیویٹ ہسپتال سے جوبلی ہلز کے ہسپتال کوبغیر کسی رکاوٹ کے آسان انداز میں انسانی دل لایاگیا جس کے لیے میٹرو حکام کی جانب سے مناسب انتظامات کیے گئے۔اس کے لیے ناگول سے جوبلی ہلز چیک پوسٹ تک میٹرو خدمات نان اسٹاپ چلائی گئی۔
جوبلی ہلز چیک پوسٹ سے جوبلی ہلز میں واقع اس پرائیویٹ ہسپتال تک سڑک کے ذریعہ منتقلی کے لیے گرین چینل فراہم کیا گیااور ایمبولنس میں دل پہنچایاگیا۔
نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ کسان کو ڈاکٹرس نے ذہنی مردہ قرار دیا تھا جس کے بعد اس کے رشتہ داروں کی کونسلنگ کی گئی اور اس کا دل دوسرے مریض کو لگانے کے لیے ان کی رضامندی حاصل کرنے کے بعد اس دل کی پیوند کاری کے انتظامات کیے گئے اور حیدرآباد میں پہلی مرتبہ اس مقصد کے لیے میٹرو خدمات سے استفادہ کیاگیا۔