حیدرآباد:تلنگانہ کے وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ میں کارپوریٹ سطح کی پولیس اسٹیشن عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں جس میں عوام کی سہولیات کے لئے تمام انفراسٹرکچر فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس فرینڈلی پولیسنگ کے لئےملک بھر میں اہم مقام رکھتی ہے۔قیام تلنگانہ کے بعد سے پولیس نے عوام کے ساتھ بہتر تعلقات پیدا کرتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ قیام تلنگانہ سے قبل عوام میں پولیس کے متعلق ایک قسم کا ڈر اور خوف تھا۔اس کی وجہ سے عوام اپنی اپنی شکایت لے کر پولیس اسٹیشن کو نہیں جایا کرتے تھے ۔جب کبھی پولیس اسٹیشن کو جانا ہوتا تو اپنے کسی لیڈر یا وکیل کو ساتھ لے جایا کرتے تھے۔لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ قیام تلنگانہ کے بعد وزیر اعلی ٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ نے محکمہ پولیس کو اہمیت دیتے ہوئے اس میں کئی ایک اصلاحات لائیں۔پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی۔حالات بھی بدل چکے ہیں۔