تلنگانہ کے وزیر صحت ای راجندر نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے ریاستی حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناسمپدا سبھا (ورچول ریلی)کے دوران بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی جانب سے تلنگانہ حکومت پر کئے گئے ریمارکس اور الزامات کو مسترد کردیا۔انہوں نے کہا ”یہ ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی الزامات عائد کرنے کا وقت نہیں ہے۔
تلنگانہ وزیر صحت بی جے پی پر برہم - تلنگانہ وزیر صحت نے بہتر اقدامات کا دعوی کیا
'بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا ایک قومی سطح کے رہنما ہونے کے باوجود گلی کے لیڈر کی طرح بات کی ہے'
بی جے پی کے قومی صدر نڈا کے الزامات مناسب نہیں ہیں۔قومی سطح کے رہنما ہونے کے باوجود انہوں نے گلی کے لیڈر کی طرح بات کی ہے۔کورونا عالمی مسئلہ ہے۔گجرات میں کورونا کی شدت پر کیا وزیراعظم ذمہ داری قبول کریں گے؟تلنگانہ میں کمانڈ کنٹرول سنٹر کاقیام عمل میں لایاگیا۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراو صورتحال پر مسلسل نظررکھے ہوئے ہیں۔کورونا پر تمام ریاستوں سے پہلے تلنگانہ میں چوکسی اختیار کی گئی ہے۔
لاک ڈاون پر پوری طرح عمل کیاگیا۔تلنگانہ حکومت کے اقدامات پر مرکزی ٹیم نے مسرت کااظہار کیا ہے“۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی چلر سیاست کررہی ہے اور ریاست کی حکمران جماعت پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا کے طبی معائنوں اور اموات پر جے پی نڈا نے کئی جھوٹے الزامات عائد کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ علاقائی جماعت پر اس طرح کے الزامات عائد کرنے سے پہلے خود بی جے پی کو چاہئے کہ اس کی برسراقتدار ریاستوں کے کام کے طریقہ پر غور کرے۔انہوں نے واضح کیا کہ کورونا کے پہلے دن سے ہی کے سی آر حکومت اس کی روک تھام کے اقدامات کررہی ہے۔