حیدرآباد: تلنگانہ کی کانگریس حکومت عوامی نظم و نسق پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعلی ریونت ریڈی عوام کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے پہلی بار کلکٹرس اور ایس پیز کے ساتھ کانفرنس منعقد کی جس کا مقصد انتظامیہ کو 100 دنوں میں 6 وعدوں پر عمل درآمد کے لیے تیار کرناتھا۔ اس کانفرنس کا اصل ایجنڈا حکمرانی کو عوام تک لے جانا تھا۔
نائب وزیراعلی ملوبھٹی وکرامارکا کے علاوہ وزراء، مختلف محکموں کے سکریٹریز اور متعلقہ عہدیداروں نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی جس میں بی آرایس کی دس سالہ حکمرانی اور مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ کانفرنس میں وزیراعلی نے کلکٹروں اور ایس پیز کو ہدایت د ی کہ وہ عوامی انتظامیہ کے کاموں کو گاؤں کی سطح تک لے جائیں۔ حکومت 28 دسمبر سے اگلے ماہ کی 6 تاریخ تک عوامی حکمرانی گرام سبھائیں منعقد کرے گی۔