حیدرآباد:وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراو نے ریاستی حکومت کو پس پشت ڈالتے ہوئے مقامی اداروں کو راست طورپر فنڈس جاری کرنے پر مرکزی حکومت پر برہمی کااظہار کیا۔ انہوں نے اس احساس کا اظہارکیا کہ مرکز کے اقدامات منصفانہ نہیں ہیں کیونکہ اس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ مرکز ریاستوں پر بھروسہ نہیں کرتا۔ وزیراعلی نے مرکز کے پروگراموں جواہر روزگاریوجنا، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا، مہاتماگاندھی قومی دیہی طمانیت روزگار اسکیم اور دیگر کا حوالہ دیا جس میں مرکزی حکومت نے مقامی اداروں کو راست طور پر فنڈس جاری کیے۔ KCR on Union Government
انہوں نے کہا کہ راجیوگاندھی سے لے کر اب تک تمام وزرائے اعظم نے پنچایت راج کے تین ٹائر سسٹم پر یقین ظاہر کیا تھا۔انہوں نے پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگرام پر عمل کے سلسلہ میں پرگتی بھون میں تیاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف ریاستی حکومت ہی مخصوص حالات سے باخبر ہے۔انہوں نے اس احساس کا اظہار کیا کہ ملک کی آزادی کے 75برس کی تکمیل کے موقع پر مرکزی حکومت،پینے کے پانی، آبپاشی کے مسائل، بجلی کی سپلائی، تعلیم اور صحت جیسے انفراسٹرکچر کی یکسوئی میں ناکام رہی۔
انہوں نے کہا کہ ہم تباہ شدہ تلنگانہ کی تعمیر نو کررہے ہیں۔ ہم تمام مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ریاست کو ترقی دے رہے ہیں جس سے ملک کا سر فخر سے بلند ہورہا ہے۔ ریاست کو ترقی دلوانے کے لیے کافی محنت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دیہی اور شہری ترقی پروگرام کو ایک علحدہ شناخت حاصل ہوئی ہے۔ وزیراعلی نے عہدیداروں کو ان پروگراموں پر عمل کے سلسلہ میں مختلف ہدایات دیں۔