شدید بارش کے بعد سفاری پارک عارضی طور پر بند - heavy rain in hyderabad
شہر حیدرآباد میں گزشتہ دو دن قبل ہوئی شدید بارش کے بعد میر عالم تالاب سے بڑے پیمانہ پر پانی کے بہاو کے بعد نہرو زولوجیکل پارک کے سفاری پارک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
یہ تالاب چڑیا گھر سے متصل ہے۔ چڑیا گھر کے عہدیداروں کے مطابق پانی کے چینل، ڈرینج چینلس اور دیگر ذرائع سے پانی کی نکاسی کے تمام انتظامات کئے جارہے ہیں۔ میر عالم تالاب لبریز ہوگیا ہے اور اس کا زائد پانی اس کے محرابوں سے سفاری پارک میں داخل ہوگیا ہے۔
باب الداخلہ کے قریب لائن سفاری پارک علاقہ میں پانی داخل ہونے کے نتیجہ میں جانوروں کو ان کی سلامتی، صحت کا خیال کرتے ہوئے اندر نہیں چھوڑا گیا اور سفاری بسوں کو چلانے میں دشواری کے سبب اس سفاری پارک کو آج بند کر دیا گیا۔
چڑیا گھر حکام سفاری پارک کامپلکس میں پانی کے بہاو پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ نہرو زولوجیکل پارک، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے صورتحال کاجائزہ لیا اور چڑیا گھر اسٹاف کو ہدایت دی کہ وہ پانی کے بہاو کے سلسلہ میں احتیاط رہیں۔