حیدرآباد: کانگریس کے رہنما اور ہندوستانی کرکٹ کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے منشور پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ ریزرویشن پورے ملک میں موجود ہیں۔ آپ کو ریزرویشن دینا ہوگا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بی جے پی کا منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر آئینی مذہب پر مبنی ریزرویشن کو ختم کرے گی اور او بی سی، ایس سی اور ایس ٹی کو یہ ریزرویشن دیا جائے گا۔
محمد اظہر الدین نے کہا کہ "ہر پارٹی اپنا اپنا منشور جاری کرتی ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ یہ ( ریزرویشن ہٹانا ) قابل عمل ہے یا بہت ایمانداری کا کام ہے۔ ریزرویشن پورے ہندوستان میں موجود ہیں، آپ کو ریزرویشن دینا ہوگا"۔
قبل ازیں جمعہ کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے حیدرآباد میں بی جے پی کا منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشور میں کی گئی یقین دہانیاں عوام کے لیے 'پی ایم مودی کی گارنٹی' ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر تلنگانہ میں بی جے پی اقتدار میں آئی تو مسلم ریزرویشن کو ختم کردیا جائے گا اور ریاست میں یکساں سول کوڈ بھی نافذ کیا جائے گا۔ پارٹی کے منشور کے مطابق بی جے پی نے ہر سال 17 ستمبر کو سرکاری طور پر حیدرآباد لبریشن ڈے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔