یوم جمہوریہ کے موقع پر تلنگانہ میں رسم پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کوویڈ کے وبائی حالات کی وجہ سے مختصر کردی گئی۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے حیدرآباد میں واقع راج بھون میں صبح 7 بجے رسم پرچم کشائی انجام دی۔ اس تقریب میں محدود شخصیات نے شرکت کی۔ Republic Day Celebration at Telangana Bhavan
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے عوام اور فرنٹ لائن وارئیرس کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ یوم جمہوریہ کا جذبہ عوام تک لے جانے کی ضرورت ہے۔ ہمارا دستور، دنیا کا بہتر دستور ہے۔ انہوں نے اسے بہتر بنانے والے فلسفیوں کو خراج بھی پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک، ٹیکہ اندازی میں دنیا میں آگے ہے۔ جلد ہی کوویڈ کے ڈوز 200 کروڑ مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوں نے حیدرآباد کے طبی مرکز کے طور پر ابھرنے پر بھی مسرت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست تعلیمی نظام میں بھی آگے ہے اور یہ ملک میں چاول کی پیداوار کے مرکز کے طورپر ابھری ہے۔انہوں نے کہاکہ مختلف شعبہ جات میں تلنگانہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اختراعی ماحول دوست نظام کے لئے کوششوں کی وجہ سے تلنگانہ اختراعی مرکز کے طورپر بھی ابھررہی ہے اور خود مکتفی ہندوستان میں اپنے رول کے لئے ریاست قیادت کررہی ہے۔انہوں نے عوام پر زوردیا کہ وہ معیاری تعلیم، اختراعات، تحقیق، ترقی اور انٹرپرینرشپ کے ذریعہ خودمکتفی ہندوستان کے لئے اپنا رول ادا کریں۔