تلنگانہ وزیر کے ٹی راما راو نے دنیا کے 51 ممالک سے سرگرم مختلف تلگو تنظیموں کے نمائندوں اور تلگو این آر آئیز پر زوردیا کہ وہ سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راو کی پیدائش صدی تقاریب بڑے پیمانے پر منائیں۔ یہ تقاریب دنیا کے 51 ممالک میں وسیع پیمانے پر منعقد کی جانی چاہئے تاکہ آنجہانی رہنمانے مختلف شعبوں میں جو نمایاں خدمات انجام دی ہیں ان کو خراج عقیدت پیش کیا جاسکے۔
کے ٹی آر نے آج دنیا کے 51 ممالک کی مختلف تلگو اسوسی ایشنوں کے نمائندوں اور تلگو این آر آئیز کے ساتھ ایک ویب سمینار میں حصہ لیا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ تلنگانہ حکومت وزیراعلی کے چندر شیکھر راو کی قیادت میں آنجہانی کی پیدائشی صدی تقاریب 28 جون سے ایک سال تک شاندار پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ انہوں نے این آر آئیز سے کہا کہ وہ جس کسی ملک میں مقیم ہیں وہاں مختلف پروگرامس منعقد کریں اور ان تقاریب کا حصہ بن جائیں۔
کے ٹی آر نے مزید کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے پی وی نرسمہا راو کو بھارت رتن دلانے کی بھی جدوجہد کی جائیگی۔
قبل ازیں وزیر کے ٹی آر نے پیدائش صدی تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں تیاریوں کا پی وی میموریل گیان بھومی نیکلس روڈ کا معائنہ بھی کیا۔ گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر مئیر بی رام موہن اور دوسروں نے شرکت کی۔