حیدرآباد: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی جانب سے پی ڈی ایس کی دکان پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر نہ ملنے پر تلنگانہ کے ضلع کلکٹر کی کھنچائی کے ایک دن بعد، تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے حامیوں نے ہفتے کے روز ایل پی جی سلنڈروں پر پی ایم مودی کے پوسٹر چسپاں کر دئے۔ PM Modi posters on LPG Cylinders
ایل پی جی سلنڈروں پر لگائے گئے پوسٹروں میں ہر سلنڈر کی قیمت (1,105 روپے) کے ساتھ مودی کی تصویریں دکھائی گئی ہے۔ ٹی آر ایس نے گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران ایل پی جی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کو لے کر وزیر اعظم کو کئی بار نشانہ بنایا ہے۔
ٹی آر ایس قائدین نے بتایا کہ 2014 میں جب مودی وزیر اعظم بنے تو ایل پی جی کی قیمت صرف 410 روپے تھی۔ ٹی آر ایس لیڈر کرشنک مانے نے ایل پی جی سلنڈروں پر مودی کے پوسٹروں کی ویڈیو کلپ کے ساتھ ٹویٹ کیا، آپ مودی جی کی تصویریں چاہتے تھے، آپ یہاں دیکھ سکتی ہیں نرملا سیتا رمن جی۔