وزیر بلدی نظم و نسق کے تارک راما راو نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کی جانب سے پرانے شہر میں سرجیکل اسٹرائیک کے اعلان کے متنازع ریمارکس کی سخت مذمت کی۔
انھوں نے حیدرآباد کے پرانے شہر کا پاکستان کے دہشت گردی مراکز سے تقابل کرنے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا پرانا شہر پاکستان یا چین کا حصہ ہے؟ سرجیکل اسٹرائک کیلئے پرانا شہر ملک کی سرحد پر واقع نہیں ہے اور نہ ہی دشمن ملک میں ہے۔
اسمبلی حلقہ مشیرآباد، عنبرپیٹ کے مختلف مقامات پر روڈ شو کے دوران کے ٹی آر نے کہا کہ صرف چند ووٹوں کی خاطر بی جے پی شہر کا ماحول بگاڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اُنھوں نے بنڈی سنجے کی زہر افشانی پر تشویش کا اظہار کیا اور بی جے پی کو چیلنج کیا کہ ہمت ہے تو وہ ملک کی بیروزگاری، پسماندگی، مذہبی منافرت، غلط فیصلوں سے معاشی نظام کو درہم برہم کرنے والوں اور ملک کی غربت کے خلاف سرجیکل اسٹرائک کریں، یہ سب بی جے پی کیلئے ناممکن ہے۔