حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راو نے تلنگانہ سیکرٹریٹ میں مساجد، مندر اور گرجا گھر کا افتتاح کیا۔ دراصل سکریٹریٹ کے تعمیر نو کے وقت مسجد منہدم ہوگئی تھی۔ مسجد کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ ہماری ریاست پورے ملک میں سیکولرزم کے لئے مشہور ہے۔ تلنگانہ ملک میں سیکولرزم کا علمبردار ہے۔ اس سے اچھی بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ اسمبلی کمپلیکس میں مسجد، مندر اور چرچ موجود ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگ عبادت کر سکتے ہیں۔
وہیں ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے سوشل میڈیا کی سائٹ پر لکھا کہ منی پور میں گرجا گھروں کو جلایا جاتا ہے اور ہریانہ میں مساجد میں توڑ پھوڑ کی جاتی ہے، وہیں تلنگانہ کے وزیراعلیٰ نے ایک چرچ، مندر اور مسجد کا افتتاح کیا ہے جو بدقسمتی سے سیکرٹریٹ کی تعمیر نو کے دوران منہدم ہو گئے تھے۔ انھوں مزید لکھا کہ کے تلنگانہ اسٹیٹ بی جے پی اور کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کو سب کے درمیان امن اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے کا آئینہ دکھاتا ہے۔