تلنگانہ مسلم راشٹریہ منچ نے بھی اس ضمن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دونوں فرقوں کے عوام سے بابری مسجد ملکیت معاملے میں عدالت کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے امن کی برقراری کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔
امن کی برقراری کیلئے مسلم راشٹریہ منچ کی ملک گیر مہم کنوینر ایم اے ستار نے کہا کہ ہم سب ہندوستانی ہیں اور دستور ہند پر عمل کرنا ہمارا فرض ہے، فیصلہ چاہئے کسی کے حق میں آئے، ہمیں عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کو تسلیم کرنا چاہیے۔
ایم اے ستار نے ہندو مسلم اتحاد کو اس نازک موقع پر نہایت ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس فریق کے حق میں فیصلہ آئے وہ جشن منا کر اپنے ہم وطن بھائیوں کی دل آزادی سے گریز کرے۔
کو کنوینر سید فیاض احمد نے نوجوانوں کو جذبات میں نہ آنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی عدلیہ کے فیصلے سے متعلق کوئی بھی پوسٹ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جذبات کچھ دیر کے ہوتے ہیں لیکن اس کے نتائج کافی دور تک جاسکتے ہیں۔ سید فیاض نے پولیس سے بھی اپیل کی کہ وہ امن کی برقراری کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔
تلنگانہ مسلم راشٹریہ منچ یونٹ اگلے دس دنوں تک دونوں فرقوں کے عوام سے ملاقات کرتے ہوئے امن کے پیغام کو فروغ دیگی۔