تلنگانہ کے وزیر صنعت تارک راماراو نے مرکز پر زور دیا کہ جامع پاور لوم کلسٹر ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت سرسلہ کے لئے میگاپاور لوم کلسٹر (یم پی سی) کی منظوری عمل میں لائی جائے تاہم انہوں نے مرکزی حکومت کے ہینڈلوم و ٹکسٹائلس شعبہ سے متعلق کسی قسم کا تعاون نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مرکزی وزیر کامرس و انڈسٹری پیوش گوئل کے نام موسوم مکتوب میں کہا ”میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ تلنگانہ کی ترقی ملک کی ترقی ہے۔ میں نے مرکزی حکومت کو مختلف تواریخ پر قبل ازیں 7 مکتوبات روانہ کرتے ہوئے سرسلہ میں کلسٹر کے قیام کے لئے درخواست کرچکا ہوں۔
مکتوبات کے ذریعہ بار بار توجہ دہانی کے باوجود افسوس اس بات کا ہے کہ مرکزی حکومت نے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔“ ریاستی وزیر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سرسلہ دست کاری اور ٹکسٹائلس کی سرگرمیوں کا کئی دہائیوں سے اہم مرکز رہا ہے۔