سانپ پکڑنے کے شوقین نوجوان کی موت
سانپ پکڑنے کا شوق ایک نوجوان کو کافی مہنگا پڑا۔ شوق ہی اس کی موت کا سبب بنا۔
تلنگانہ کے رنگاریڈی ضلع کے پٹن چیرو سے تعلق رکھنے والا سرینواس مدیراج گزشتہ کئی سالوں سے سانپ پکڑنے میں ماہر تھا۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں کسی بھی مکان میں سانپ موجود ہونے کی اطلاع پر سرینواس وہاں پہنچ جاتا تھا اور اسے پکڑ کر جنگل یا آبادی سے دور علاقے میں چھوڑ دیتا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ سرینواس ایک کمپنی میں ملازم تھا۔اس کے باوجود بغیر کسی فیس لئے سانپ پکڑنے کا کام کیا کرتا تھا۔اس کے گھر والے اسے ایسا نہ کرنے کی ترغیب بھی دیتے تھے لیکن وہ سننے کو تیار نہیں تھا۔ دو دن قبل سرینواس کو وقارآباد ضلع کے مومن پیٹ میں ایک مکان میں ناگ سانپ پکڑنے کے دوران سانپ نے دو مرتبہ ڈس لیا۔ اس کے باوجود اس نے سانپ پکڑ کر مکان سے باہر جنگل میں چھوڑ دیا۔ کچھ دیر بعد اس کی طبیعت خراب ہوگئی اور اسپتال منتقل کردیا گیا۔ چند گھنٹوں بعد سرینواس کی موت ہوگئی۔