اردو

urdu

ETV Bharat / state

حیدرآباد: دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب قرآن مجید ہے - حیدرآباد ای ٹی وی بھارت خبر

جاریہ سال بزم کی جانب سے انٹرنیشنل پیس ایوارڈ مشہور و معروف خطاط انل کمار چوہان کو دیا گیا- جنہوں نے فن خطاطی کے نمونوں کو پیش کرتے ہوئے ایک بہترین مثال پیش کی۔ جلسہ کا آغاز محمد ساجد احمد قادری کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ صدر بزم و سینیئر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ایم اے مجیب نے جلسہ کی صدارت کی۔

جلسہ
جلسہ

By

Published : Oct 20, 2021, 1:52 PM IST

امت مسلمہ کو عبادات کے ساتھ نبی کریمؐ کی سماجی زندگی کو اپنی زندگیوں میں ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ نبی کریم ؐ کی ذات اقدس ہی واحد ایسی ذات ہے جس سے تعلق ایمان کی ضمانت دے سکتی ہے۔

حضور اکرمؐ سے دوری ایمان کا خاتمہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا شمیم الزماں قادری(بنگال) نے کل ہند بزم رحمت عالم کے مرکزی جشن میلاد النبیؐ و انٹرنیشنل پیس ایوارڈ سے کیا جو خواجہ منشن مانصاحب ٹینک حیدرآباد پر منعقد ہوا۔

قبل ازیں مولانا شمیم الزماں قادری نے بزم کی جانب سے پہلی مرتبہ ایک روزہ اردو، عربی خطاطی کی نمائش کا بھی افتتاح کیا جس میں مشہور و معروف خطاط انل کمار چوہان کی فن خطاطی کے نمونوں کو پیش کیا گیا۔

جاریہ سال بزم کی جانب سے انٹرنیشنل پیس ایوارڈ مشہور و معروف خطاط انل کمار چوہان کو دیا گیا جنہوں نے فن خطاطی کے نمونوں کو پیش کرتے ہوئے ایک بہترین مثال پیش کی۔ جلسہ کا آغاز محمد ساجد احمد قادری کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ صدر بزم و سینیئر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ایم اے مجیب نے جلسہ کی صدارت کی۔ اس موقع پر ساجد خان' مصطفیٰ خان' مفتی وسیم، بنڈی رمیش جنرل سکریٹری ٹی آر ایس اور دیگر موجود تھے۔ مولانا شمیم الزماں قادری نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید واحد ایسی کتاب ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی اور طبع کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐکی حیات مبارکہ کو سمجھنے کیلئے ہمیں حیات طیبہ کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔

مولانا نے انل کمار چوہان کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ ایک غیر مسلم شخص نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر قرآنی آیات کو بہترین انداز میں تحریر کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔

مولانا شمیم الزماں قادری نے کہا کہ دنیا کے مشہور و معروف سائنسداں اور غیرمسلم افراد محسن انسانیت حضوراکرم ؐ کی تعلیمات سے کافی متاثر ہیں۔ مفتی صلاح الدین نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائیں اسی سے کامیابی و کامرانی حاصل ہوتی ہے۔

مولانا نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کی آمد کے ساتھ ہی کفر کا خاتمہ ہوگیا۔ہر طرف روشنی ہی روشنی بکھر گئی۔آج ضرورت اس بات کی ہے مسلمان اپنے گھروں میں دینی ماحول پیدا کریں اور اٹھتے بیٹھتے حضور اکرمؐکی حیات طیبہ کو سامنے رکھتے ہوئے زندگی گزاریں۔

ایم اے مجیب صدر بزم رحمت عالم نے کہا کہ کل ہند بزم رحمت عالم ایک غیر سیاسی تنظیم ہے جس کا منشاء و مقصد انسانیت کی خدمت اور صالح معاشرہ کی تشکیل کو یقینی بنانا ہے۔

بزم کے زیر اہتمام ہر سال عید میلاد النبیؐ کے موقع پر جشن منعقد کیا جاتا ہے اور رحمت عالم انٹرنیشنل پیس ایوارڈ عطا کیا جاتا ہے۔ انل کمار چوہان ماہر خطاط نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا اور اپنے مختصر سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے 100 سے زائد مساجد میں بلامعاوضہ قرآنی آیات اور اسمائے مبارک تحریر کئے ہیں اوربارگاہوں اور خانقاہوں میں بھی اپنے فن کے نقوش چھوڑے ہیں۔جناب سرفراز صدیقی نمائندہ کارپوریٹر احمد نگر ڈیویژن نے کہا کہ حضور اکرم ؐ تمام عالم کیلئے رحمتہ للعالمینؐ بناکر مبعوث کئے گئے ہیں۔انہوں نے آپؐکی تعلیمات پر عمل کرنے کی نوجوانوں کو تلقین کی۔سینکڑوں شرکاء نے انل کمار چوہان کے فن کا مشاہدہ کیا اور انہیں داد و تحسین پیش کی۔غیر مسلم شرکاء نے بھی نمائش کا مشاہدہ کیا اورانل کمار چوہان کے فن پر رشک کیا۔صبح دس بجے نمائش کا آغاز عمل میں آیا اور نمائش پانچ بجے شام اختتام کو پہنچی۔



یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details