ریاست تلنگانہ میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسیز میں غیر معمولی اضافہ کے باعث حکومت نے لاک ڈاون نافذ کیا ہے۔ تاہم ریاست کے دار الحکومت حیدر آباد اور پڑوسی شہر سکندرآباد میں کثیر تعداد میں شادی خانے ہیں۔ جہاں تقریبا پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کام کیا کرتے تھے ۔کام کرنے والوں میں باورچی، ویٹر اور صفائی عملہ شامل ہیں۔
گذشتہ سال کورونا وائرس کی پہلی لہر کے سبب ریاستی حکومت کی جانب سے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن پیش نظر دونوں شہروں میں واقع شادی خانوں میں شادی یا دیگر تقاریب کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ جس کی وجہ سے شادی خانوں میں کام کرنے والے افراد مالی بحران کا شکار ہوئے تھے۔
رواں برس بھی کورونا وائرس کی دوسری کے سبب نافذ کردہ لاک ڈاون کے سبب شادی خانے بند ہیں۔ جس کا سیدھا اثر شادی خانوں کے مالکین سمیت وہاں کے ملازمین کی زندگیوں پر بھی پڑا ہے۔
ان سب کے علاوہ حکومت کی جانب سے اس مشکل حالات میں نہ تو بجلی بل میں کسی طرح کی کوئی تخفیف کی جارہی ہے اور نہ ہی پراپرٹی ٹیکس میں کوئی رعایت دی جارہی ہے۔