حیدرآباد:ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد کے ایک ہسپتال سے 6 دنوں قبل اغوا ہونے والے چھ ماہ کے بچے کو پولیس نے نظام آباد سے برآمد کرلیا۔ پولیس نے اس معاملے میں جوڑے کو گرفتار کر لیا۔ اس جوڑے نے پوچھ گچھ میں بتایا کہ چونکہ وہ اولاد سے محروم تھے، اسی لیے اس بچہ کا انہوں نے اغوا کیا۔ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق والدین گنڈی پیٹ کے ایک فارم ہاؤس میں چوکیدار کے طور پر کام کرتے ہیں۔ ان کے دو بیٹے ہیں۔ بڑے بیٹے کو خرابی صحت کی بنا پر 14 ستمبر کی دوپہر شہر کے ایک ہسپتال لایا گیا تھا۔ اس کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ والدہ اپنے چھوٹے بیٹے کو پکڑے پہلی منزل پر بیٹھی ہوئی تھی کیونکہ بڑے بیٹے کا علاج جاری تھا۔ اسی دوران والدہ کے پاس ایک خاتون آئی جو اس سے باتیں کرنے لگی۔ اسی بیچ والدہ کھانا لینے وارڈ سے باہر چلی گئی۔ اس نے جب مڑ کر دیکھا تو چھوٹا لڑکا اسے نظر نہیں آیا۔