حیدرآباد:حالیہ دنوں میں ریاست تلنگانہ میں وزیر اعلیٰ کے سی آر کے نام سے 10 میٹر کی گن شوٹنگ کا ایک مقابلہ منعقد کیا گیا تھا جس میں ریاست تلنگانہ کے اضلاع سے کئی شوٹرز نے حصہ لیا۔ حیدرآباد کے علاقے محمدی لائن سے تعلق رکھنے والی غریب گھرانے کی مسلم لڑکی سیدہ فہمینہ نے تلنگانہ گن شوٹنگ میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔
سیدہ فہمینہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گن شوٹنگ میں عالمی سطح پر مقابلوں میں حصہ لیکر نہ صرف تلنگانہ بلکہ بھارت کا نام روشن کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے اس موقعے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرنے کے ساتھ ساتھ کوچ اور دیگر تعاون کرنے والے افراد کے لیے بھی تشکر کا اظہار کیا۔ سیدہ فہمینہ کے کوچ سید ابرار حسین امتیاز نے فہمینہ کی کامیابی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فہمینہ نے بہت ہی کم وقت میں گن شوٹنگ میں تربیت حاصل کرکے بہتر مظاہرہ کیا اور اس مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔