دو روز قبل لاپتہ ہونے والی فرانسیسی خاتون میری کرسٹین حیدرآباد کے مضافاتی علاقے حمایت ساگر کے قریب مردہ پائی گئی اور تفتیش میں پتہ چلا کہ میری کو اسی کی گود لی ہوئی بیٹی نے قتل کردیا۔
سنیچر کی صبح میری کی لاش برآمد ہوئی اور شام تک سائبر آباد پولیس نے بتایا کہ انہوں نے تین ملزمین کی گرفتار کرکے قتل کا معمہ حل کرلیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ ' فرانسیسی خاتون کے قتل کے بعد اس کی گود لی ہوئی 24 سالہ بیٹی روما، اس کے معشوق وکرم سریرامولا اور اس کے دوست 24 سالہ راہُل گوتم کو اس کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
شمش آباد زون، سائبر آباد کے ڈپٹی کمشنر این پرکاش ریڈی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ملزم نے کرسٹین کو اس کی جائیداد کے لیے قتل کیا۔ 9 ستمبر کی رات راجیندر نگر پولیس اسٹیشن کو کرسٹین کے داماد پرشانت کی جانب سے شکایت ملی کہ وہ(میری کرسٹن) صبح سے لاپتہ ہے جس کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کی۔