حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج تلنگانہ بی جے پی کی ریاستی سطح کی میٹنگ میں شرکت کریں گے اور چند مہینوں میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے پارٹی کی تلنگانہ یونٹ کے قائدین اور کیڈر کے لیے روڈ میپ تیار کریں گے۔ حال ہی میں ختم ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد یہ امت شاہ کا ریاست کا پہلا دورہ ہے۔ اسمبلی انتخابات میں بھگوا پارٹی کو "مایوس کن" نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔ حالانکہ وہ ووٹوں اور سیٹوں کے لحاظ سے اپنی تعداد کو بہتر بنا سکی ہے۔
حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی ووٹ شیئر تقریباً دوگنا ہو کر تقریباً 14 فیصد ہو گیا ہے۔ 30 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے چند ضمنی انتخابات اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کامیابی کے بعد ایک وقت میں بی آر ایس کے لیے ایک اہم چیلنج کے طور پر ابھری تھی۔
امت شاہ تاریخی چار مینار کے دامن میں واقع سری بھاگیہ لکشمی مندر جائیں گے۔ اس کے بعد وہ ریاست بھر سے پارٹی رہنماؤں کے اجتماع سے خطاب کریں گے۔ بنیادی طور پر یہ میٹنگ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے روڈ میپ بھی تیار کرے گی۔ بی جے پی ذرائع نے کہا کہ میٹنگ میں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی لیڈر کا معاملہ سامنے آسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی ایودھیا میں رام مندر اور "وکست بھارت سنکلپ یاترا" پر بات چیت کرے گی، جو وزیر اعظم نریندر مودی کا عام آدمی کے خوابوں کو پورا کرنے کا عزم اور ضمانت ہے۔