حیدرآباد: الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے آج تلنگانہ انتخابات کےلئے اعلامیہ جاری کردیا۔ 30 نومبر کو ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں کےلئے انتخابات منعقد ہوں گے۔ اعلامیہ کے مطابق پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل آج سے آغاز ہوگیا اور 10 نومبر تک پرچہ نامزدگیاں قبول کی جائیں گی۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ 13 نومبر کو ہوگی جبکہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 15 نومبر ہے۔
انتخابات میں حکمران جماعت بی آر ایس کا کانگریس پارٹی سے سخت مقابلہ ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے بھی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کےلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی ہے۔ سہ رخی مقابلہ متوقع ہے جس کی وجہ سے انتخابات زیادہ اہمیت کے حامل ہوگئے۔ دوسری جانب تلگو دیشم پارٹی اور وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ انتخابی نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے 100 میٹر کے دائرے میں امیدواروں کے قافلے میں صرف تین گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہے جبکہ آر او کے کمرے کے اندر امیدوار سمیت صرف پانچ افراد کو جانے کی اجازت رہے گی۔