حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی اور بی آر ایس لیڈر کے کویتا نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ نہیں جانتی ہیں کہ ایک تاجر کی بیوی سے 200 کروڑ روپے کی خورد برد کرنے والا مبینہ دھوکہ باز سکیش چندر شیکھر کون ہے۔۔۔؟ خود کو چندر شیکھر سے جوڑنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ کچھ میڈیا ادارے جان بوجھ کر تلنگانہ حکومت، بی آر ایس پارٹی اور ان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔ سکیش چندر شیکھر کے ذریعہ جاری کردہ مبینہ چیٹس کا جواب دیتے ہوئے کے کویتا نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے کچھ میڈیا ادارے جان بوجھ کر تلنگانہ حکومت، بی آر ایس پارٹی کے خلاف غلط خبریں اور غلط پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں۔
کے کویتا نے کہا کہ انہیں بدنام کرنے کی پہلے سے منصوبہ بند سازش کی جارہی ہے۔ قومی سطح پر بی آر ایس پارٹی کی مقبولیت اور کے سی آر کا سامنا کرنے کی ہمت نہ ہونے کی وجہ سے کچھ میڈیا ادارے جو تلنگانہ حکومت کے خلاف ہیں جان بوجھ کر بی آر ایس پارٹی کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے رگھونندن راؤ کے مرکزی الیکشن کمیشن کو لکھے گئے ایک گمنام خط جاری کرنا، اس کے بعد ایم پی اروند کی طرف سے سوشل میڈیا پر کیچڑ اچھالنا پہلے سے منصوبہ بند تھا۔