تلنگانہ کے 33 اضلاع کے 139 مراکز پر ہفتے کے روز ٹیکہ اندازی کا آغاز ہوگا۔ریاست کے 99 سرکاری اور 40 نجی مراکز پر کورونا ویکسین کا انتظام رہے گا۔
چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ ٹیکہ اندازی کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے ۔ پہلے مرحلہ میں ٹیکہ اندازی کیلئے جن افراد کی نشاندہی کی گئی۔ انہیں مراکز پر پہنچنے کی اطلاع کردی گئی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی صبح ساڑھے دس بجے دنیا کے سب سے بڑے ویکسینیشن پروگرام کا ورچولی آغاز کریں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی گاندھی ہسپتال سکندرآباد اور پرائمری ہیلت سنٹر نارسنگی سے آن لائن ربط قائم کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی کا جائزہ لیں گے۔ وہ ہیلت ورکرس سے بات چیت کرسکتے ہیں۔
ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے بتایا کہ کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ حیدرآباد پہنچ چکی ہے اور اسے متعلقہ مراکز کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ پونے کے سیرم انسٹی ٹیوٹ سے کورونا ویکسین محکمہ صحت کے قائم کردہ اسٹوریج واقع کوٹھی میں محفوظ کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کو پہلے مرحلہ میں 3.64 لاکھ خوراک کے نسخے وصول ہوئے ہیں۔