محکمہ صحت کے تحت عثمانیہ میڈیکل کالج سے منسلک پیٹلہ برج زچگی خانہ میں برسر خدمت عملہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی تھی لیکن مزید 32 کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد دواخانہ کے مریضوں کا کورونا معائنہ لازمی ہوچکا ہے کیونکہ اتنی بڑی تعداد میں کورونا متاثرین کے بعد بھی دواخانے میں خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔
شہر کے سرکردہ زچگی خانوں میں شامل پیٹلہ برج زچگی خانہ میں بڑی تعداد میں کورونا وائرس کے متاثرین کا شبہ کیا جا رہاتھا اور جس وقت عثمانیہ میڈیکل کالج کے پی جی طلبہ میں کورونا کی توثیق ہونے لگی تھی اس وقت بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ پیٹلہ برج دواخانہ میں برسر خدمت پی جی ڈاکٹرس کی تعداد زیادہ ہے جنہیں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
جونئیر ڈاکٹرس کی جانب سے حکومت پر الزام عائد کیا جا رہاہے کہ شہر میں کورونا مریضوں کی تشخیص کرنے کے علاوہ ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس کیلئے بہتر انتظامات نہیں کئے جا رہے ہیں اور نہ ہی انہیں خاطر خواہ تعداد میں پی پی ای کٹس کی فراہمی عمل میں لائی جا رہی ہے۔