حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی اکبرالدین اویسی کی اسمبلی کے پروٹیم اسپیکر کے طور پر تقرر پر احتجاج کے درمیان تلنگانہ کے وزیر اور کانگریس لیڈر اتم کمار ریڈی نے ہفتہ کو کہا کہ "یہ ایک عام طریقہ کار ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی نے وہی کیا جو ہندوستانی آئین کے مطابق کرنا صحیح تھا۔
اتم کمار ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "اسمبلی میں سنیارٹی کے لحاظ سے مجھے پروٹیم اسپیکر ہونا چاہیے تھا کیونکہ میں کانگریس پارٹی کا سب سے سینیئر رکن اسمبلی ہوں، لیکن چونکہ میں نے بطور وزیر حلف لیا ہے۔ اس طریقہ کار نے مجھے پروٹیم اسپیکر بننے کی اجازت نہیں دی۔ تو پھر ہم نے دوسرے 6 مرتبہ بننے والے اراکین اسمبلی کی طرف دیکھا جن میں اکبر الدین اویسی تمام پارٹیوں میں سب سے سینئر ایم ایل اے ہیں۔ لہذا یہ ایک عام طریقہ کار ہے"۔
اتم کمار ریڈی نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی کی بطور پروٹیم اسپیکر تقرری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ سابق بی آر ایس حکومت کے دوران بھی ایک عام طریقہ کار تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فیصلہ کسی بیرونی عوامل کی وجہ سے نہیں بلکہ ہندوستانی آئین کی بنیاد پر کیا گیا۔ اور یہ کانگریس کا فیصلہ نہیں ہے، یہ گورنر کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ عام طور پر تمام ارکان اسمبلی میں سب سے زیادہ مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے لئے منتخب ہونے والے رہنما کو پروٹیم اسپیکر مقرر کیا جاتا ہے۔