حیدرآباد: تلنگانہ میں کانگریس کے لیڈران راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی بس یاترا ہونے والی ہے۔ جنوبی ہند کی اس نئی ریاست میں 30 نومبر کو انتخابات ہونے والے ہیں۔کانگریس نے پہلے ہی 55 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے اور بقیہ نشستوں پر امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے۔
پارٹی ریاست میں اقتدار میں آنے کے لیے حکمت عملی تیار کررہی ہے، رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے بس یاترا کے ذریعہ عوام تک پہنچنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملگ، ورنگل، کریم نگر، نظام آباد اضلاع میں کل سے 20 اکتوبر یعنی تین دن تک یہ یاترا جاری رہے گی۔ ملگ ضلع میں 18اکتوبر کو یاترا شروع ہوگی، یہ یاترا جملہ 8حلقوں میں 190 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ اسی روز شام میں چار بجے رامپامندر کے درشن راہل گاندھی کریں گے۔رات میں بھوپال پلی ضلع میں بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ ملاقات کی جائے گی۔
راہل گاندھی نوجوانوں کے ساتھ پدیاترا کریں گے۔19 اکتوبر کو سنگارینی کالریز کوئلہ کی کمپنی کے ورکرس کے ساتھ راہل گاندھی ملاقات کریں گے۔ راماگنڈم سے پداپلی تک بس یاترا میں وہ حصہ لیں گے۔ پداپلی میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔ 20 اکتوبر کو بودھن میں بیڑی کارکنوں او ر خلیجی ممالک کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے لیے راہل گاندھی بودھن سے آرمور تک بس یاترا کریں گے۔راہل گاندھی آرمور میں ہلدی کے کسانوں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔