حیدرآباد:کرناٹک میں ہوئی شکست کے بعد اب بی جے پی نے اپنی توجہ تلنگانہ پر مرکوز کردی ہے۔ جنوبی ہند کی اس نئی ریاست میں زعفرانی جماعت کو مستحکم کرنے کے حصہ کے طور پر جاریہ ماہ وزیراعظم مودی، مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدرجے پی نڈا کے ریاست کے دورہ کی اطلاع ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی ذرائع کے مطابق ملکاجگری پارلیمانی حلقہ میں ریلی میں شرکت کریں گے۔ مودی نے کرناٹک میں حالیہ انتخابات سے قبل بنگلورو میں 21 کلومیٹر طویل ریلی نکالی تھی۔ ملکاجگری پارلیمانی حلقہ میں بھی اسی طرح کی ریلی کا منصوبہ ہے۔ بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ مودی کے دورہ کی تاریخ کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اس ماہ کی 15 تاریخ کو کھمم پارلیمانی حلقہ میں ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کریں گے، وہیں زعفرانی جماعت کے صدر جے پی نڈا اس ماہ کی 25 تاریخ کو ناگر کرنول پارلیمانی حلقہ میں ہونے والے جلسہ میں شرکت کریں گے۔