ممبئی سے قریب تھانے ضلع میں واقع بھیونڈی میں کوروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداداور شرح اموات تشویشناک ضرور ہے لیکن نئے میونسپل کمشنر کی سربراہی میں محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کی ایک ٹیم کو اس شہر کی نگرانی کیلئے معمور کیاگیاہے۔اس اقدام سے یہ اندازہ لگایا جارہا ہیکہ وبا کی روک تھام کے لئے یہ ٹیم بہتر کام کرے گی۔
بھیونڈی مشرق کے رکن اسمبلی رئیس قاسم شیخ نےممبئی میں میڈیاسے گفتگوکے دوران کہا "جس طرح ممبئی کے مختلف علاقوں میں اس خوفناک بیماری پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے اسی طرز پربھیونڈی میں بھی ہم کامیاب ہوجائیں گے اور جلد اس بیماری کوقابو میں کرلیں گے۔"
انھوں نے کہاکہ "ممبئی کے مدنپورہ علاقے میں رمضان سے قبل اور دوران رمضان بھی کوروناوائرس مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہواتھالیکن میونسپل کارپوریشن کے توسط سے ہم نے اس علاقے میں جواقدامات کئے تھے،اس میں مختلف گلیوں میں فیورکلینک (بخار کلینک)کاقیام،گھر گھر جاکر مریضوں کی تشخیص کرنا،قوت مدافعت بڑھانے کی ادویات کی تقسیم اور دیگر شامل ہیں جس کے سبب اس بیماری کوچند دنوں میں ہی قابو میں پالیاگیا۔"
مذکورہ رکن اسمبلی نے دعوی کیا کہ ان قدامات کی وجہ مدنپورے میں اب کورونا کے معاملے سامنے نہیں آرہے ہیں۔
رئیس شیخ نے مزیدبتایاکہ ممبئی سے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کوبھی بھیونڈی روانہ کیاگیاہے جس میں ڈاکٹر فیاض میمن ،ڈاکٹر علیم الدین صدیقی ،ڈاکٹر محتشم سولکر،ڈاکٹر کامران ،ڈاکٹر جی ایم خان اور دیگر شامل ہیں۔