اردو

urdu

ETV Bharat / state

'کرفیو کے نفاذ کے وقت سے قبل ہی گھروں کو پہنچ جائیں' - ہنگامی حالات اور وقت کا جائزہ لیں

حیدرآباد کے ممتاز عالم دین حضرت مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ امیر ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھراپردیش نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست تلنگانہ میں نافذ نائٹ کرفیو کے اوقات پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ کے باعث حکومت یہ فیصلہ لیا ہے۔

مولانا جعفر پاشاہ
مولانا جعفر پاشاہ

By

Published : Apr 22, 2021, 1:16 PM IST

مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کرفیو کے وقت کا جو اعلان کیا گیا ہے اس سے قبل ہی سب کا اپنے اپنے مقام کو پہنچ جانا ضروری ہے اور یہ وقت کا تقاضہ بھی ہے۔ کرفیو کے اوقات کی پابندی نہ کرنا اور پھر سختی کے بعد پولیس پر نکتہ چینی کرنا مناسب نہیں ہے، خود حیدرآباد کے پولیس کمشنر اور ریاست کے پولیس سربراہ نے بھی اس سلسلہ میں عوام سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

مولانا جعفر پاشاہ

مولانا نے پولیس عہدیداروں سے بھی کہا کہ وہ پولیس ملازمین کو ہدایت دیں کہ ہنگامی حالات اور وقت کا جائزہ لیں، کسی بھی حقیقی ضرورت مند شہری کے ساتھ پولیس کی مارپیٹ کا واقعہ ہرگز پیش نہ آئے۔

مولانا نے کہا کہ ادویات اور دیگر ضروری اشیا کوکرفیو کے اوقات میں بھی خریدنے کی سہولت دی گئی ہے لیکن احتیاط کا تقاضہ ہے کہ ہم غیر کرفیو والے اوقات میں ہی خریداری کرلیں، اگر کسی کو کسی چیز کی خریداری کی ہنگامی صورت پیش آتی ہے تو وہ علیحدہ بات ہے۔ کرفیو کے اوقات کے دوران انتہائی ضروری اور ہنگامی طور پر باہر نکلنے والوں کے ساتھ پولیس کا ہمدردانہ رویہ ہونا نہایت ضروری ہے۔

مولانا جعفر پاشاہ نے مزید کہا کہ میڈیا کی اطلاعات کے مطابق کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے حکومت نے پوری طرح تیار رہنے کا اعلان کیا ہے مگر اسپتالز میں مریضوں کے لئے بستروں کا دستیاب نہ ہونا، آکسیجن کی کمی کی اطلاعات اور بعض اہم زندگی بچانے والی ادویات و انجکشنس کی زیادہ قیمتوں پر فروخت پر گہری نظر رکھنا بھی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔

مولانا نے ادویات تیار کرنے والی کمپنیوں کے علاوہ ڈاکٹرز سے بھی دردمندانہ اپیل کی کہ انسانی زندگیوں کے تحفظ کی خاطر انسانیت کا مظاہرہ کریں اور ادویات و انجکشنس کو مہنگی قیمتوں پر فروخت نہ کریں۔ مولانا نے مسلم ڈاکٹرز سے بھی بطور خاص اپیل کی کہ موجودہ پریشان کن حالات میں اپنی فیس میں کمی کردیں جس کے ذریعہ وہ غریب مریضوں اور ان کے تیمارداروں کی دعائیں لیں۔ اس کا ہمیں آخرت میں جو اجر ملے گا ہم اس کا اندازہ لگا نہیں سکتے۔

مولانا نے عوام سے اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موذی مرض سے محفوظ رہنے کے لئے ماسک کا استعمال کریں۔ سماجی فاصلہ کی برقراری پر خصوصی توجہ دیں اور اہل خیر حضرات و فلاحی تنظیمیں بازاروں، عوامی مقامات اور عبادت گاہوں میں اجتماعات کے موقع پر عوام میں بڑے پیمانہ پر ماسک مفت تقسیم کریں۔انسانی زندگیوں کے تحفظ کی کوشش کرنا ایک عظیم سماجی خدمت اور وقت کا تقاضہ ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details