اردو

urdu

By

Published : Aug 16, 2020, 3:58 PM IST

ETV Bharat / state

تلنگانہ: شدید بارش کا سلسلہ جاری، عہدیداروں کو چوکس رہنے کا مشورہ

تلنگانہ میں جاری شدید بارش کے پیش نظر وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ منعقد کیا جس میں عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی۔

Alert sounded in Telangana as heavy rains trigger flood situation
تلنگانہ: شدید بارش کا سلسلہ جاری، عہدیداروں کو چوکس رہنے کا مشورہ

وزیراعلیٰ کے سی آر نے مختلف وزرا کو اضلاع میں ہی رہتے ہوئے کلکٹر اور پولیس عہدیداروں سے مسلسل ربط رکھنے اور حالات پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ورنگل اور کریم نگر اضلاع کے عہدیداروں کو چوکس رہنے کی حکم دیا ہے اور کہا کہ ورنگل کے نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کےلیے 2 ہیلی کاپٹرز تیار ہیں۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف سکریٹری سومیش کمار، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مہندر ریڈی اور وزرا نے شرکت کی۔ کے سی آر نے جائزہ اجلاس میں ضلع وار جائزہ لیا اور کچھ تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے حیدرآباد میں دو کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی بات کہی۔

اسی دوران چیف سکریٹری سومیش کمار نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ مختلف اصلاع کے کلکٹرز کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ سومیش کمار نے کلکٹرس کو آئندہ چند دنوں تک چوکس اور محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔

بھوپال پلی ضلع میں کندناپلی کی ایک ندی میں 12 کسان پھنس گئے تھے جنہیں ہیلی کاپٹر کی مدد سے محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔

بھوپال پلی ضلع میں تعمیر کردہ کالیشورم پراجکٹ پر مہاراشٹرا سے آنے والی پرانہیتا ندی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بیریج کے دروازوں کو کھول دیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بنے ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ریاست بھر میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ تین دنوں سے ریاست بھر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 7 اضلاع میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ ریاست کے بیشتر تالاب لبریز ہوگئے ہیں اور متعدد ذحائر آب سے پانی کو چھوڑا جارہا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details